قومی ایئر لائن نے ملک کو خسارے میں ڈبو دیا

راولپنڈی (پی این آئی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے)کی نجکاری کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا گیا،درخواست ایک شہری نے دائر کی۔

دوران سماعت جسٹس جواد حسن نے شہری کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس حیثیت میں نجکاری چیلنج کر سکتے ہیں، وکیل نے جواب دیا کہ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے کوئی بھی شہری نجکاری کو چیلنج کر سکتا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ قومی ایئر لائن نے ملک کو خسارے میں ڈبو دیا، پی آئی اے کی نہ تو ان کی سروس اچھی ہے اور نہ ہی منافع دے رہے ہیں۔درخواستگزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ اگر قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل ہوتا تو آج یہ حال نہ ہوتا، جسٹس جواد حسن نے استفسار کیا کہ نجکاری میں کیا غیر قانونی کیا ہے، وکیل درخواستگزار نے جواب دیا کہ نجکاری کے دوران قانون کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، ایئر لائن کو اونے پونے داموں بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد اٹارنی جنرل اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیے،سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں