کے الیکٹرک کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی

کراچی(پی این آئی)کے الیکٹرک کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی…سندھ ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔درخواست امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر، اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں وزارت توانائی، نیپرا اور کے الیکٹرک کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔جماعت اسلامی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کو بالخصوص ہیٹ ویو میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔درخواست میں کے الیکٹرک کی جانب سے 71فیصد فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں جماعتِ اسلامی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی غیرمعیاری کارکردگی کے باعث نیپرا نے 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا، ٹیکنیکل فالٹس بھی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہیں، انہیں درست کیا جائے۔جماعت اسلامی کی درخواست کے مطابق کراچی میں 16گھنٹے کی روزانہ اوسط لوڈ شیڈنگ ہوتی ہےاب راتوں میں بھی دو سے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے، آج کل کراچی میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے زائد جا رہا ہے۔درخواست گزار جماعت کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کی وجہ سے سیکڑوں شہری روزانہ اسپتال لائے جا رہے ہیں، کراچی شہر ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کراتا ہے، کے الیکٹرک کی کارکردگی سے کراچی کا کاروباری طبقہ اور طالبعلم بھی متاثر ہو رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں