لاہور(پی این آئی) قطر نے پنجاب سے ہنرمند ورکرز بھرتی کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنمائوں کے مابین پنجاب میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع اور پنجاب سے ورکرز کے حصول پر تبادلہ خیال ہوا۔ دوران ملاقات قطری سفیر نے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی تعریف کی اور پنجاب سے ہنرمند ورکرز کی بھرتی میں اضافہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دوران گفتگو پنجاب اور قطر کے درمیا ن اقتصادی تعلقات کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے قطری سفیر کو آگاہ کیا اور قطر کی کاروباری برادری اور صنعتکاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں