استحکام پاکستان پارٹی نے پنجاب حکومت میں شمولیت کیلئے 2اہم وزارتیں مانگ لیں

لاہور( پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) نے مسلم لیگ ن سے صوبہ پنجاب کی کابینہ میں 2 وزارتیں مانگ لیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت آئی پی پی نے پنجاب کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمران جماعت سے صوبے میں 2 وزارتوں کا تقاضا کیا ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن سے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور غضنفر عباس چھینہ کیلئے وزارتوں کا کہا گیا ہے تاہم ن لیگ کی طرف سے استحکام پاکستان پارٹی کو ایک وزارت دینے کا عندیہ دیا گیا ہے، آئی پی پی کو ایک پارلیمانی سیکریٹری یا کسی محکمے کی چیئرمین شپ بھی مل سکتی ہے تاہم اس کے بارے میں دونوں جماعتوں کے درمیان حتمی معاملات استحکام پارٹی کے صدر علیم خان کی وطن واپسی پر طے ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی میں اہم تنظیمی تقرریاں بھی کی گئی ہیں، جن کے تحت رانا نذیر احمد خان کو استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کا صدر مقرر کیا گیا ہے، شعیب صدیقی سیکرٹری جنرل اور میاں خالد محمود ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہوں گے جنہیں پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے تنظیمی امور تیز کرنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے، استحکام پاکستان پارٹی کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر فعال بنانے کی حکمت عملی بنائی جائے گی، پنجاب کے نئے پارٹی صدر تمام شعبوں کو متحرک کریں گے، جنرل سیکرٹری پنجاب میں پارٹی کا سیکریٹریٹ اور دیگر امور کی نگرانی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں