سابق گورنر سندھ نے ایک بار پھر عملی سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا

کراچی(پی این آئی)سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایک بار پھر عملی سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کس پلیٹ فارم سے سیاسی کردار ادا کرنا ہے، ابھی فیصلہ نہیں کیا، ایسے پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے جس میں باصلاحیت قیادت مسائل کا حل تلاش کرے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے ایم کیو ایم لندن کی طرف مائل ہونے کا تاثر بالکل غلط اور مضحکہ خیز ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ 2015 میں بانی ایم کیو ایم بشمول میری جماعت نے مجھ سے لاتعلقی کرلی تھی، ایم کیو ایم نے مجھ سے لاتعلقی کی تو میں بھی ان سے لاتعلق ہوگیا تھا۔سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اپنے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے واقف ہوں، میرے خلاف غلط فہمیاں پھیلانے والے احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج منظرنامہ میں عدلیہ، اسٹیلبشمنٹ اور پارلیمنٹ میں کھینچا تانی ہے، ہماری عدلیہ، پارلیمنٹ اور افواج ملک کے ستون ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید کہا کہ یہ تاثر پیدا نہیں ہونا چاہیے کہ ملک کے ستونوں کے درمیان کوئی تناؤ ہے، ایسے حالات میں ایوان صدر کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد طویل عرصے سے ایم کیو ایم سے لاتعلقی اختیار کر چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close