بلوچستان سے مسلح افراد کے کچے کے علاقوں تک پہنچنے کی خبروں پر صوبائی حکومت کا ردعمل آگیا

کراچی(پی این آئی)سندھ کے وزیر داخلہ ضيا لنجار نے ان باتوں کی تردید کی ہے کہ بلوچستان سے مسلح لوگ سندھ میں آکر کچے کے علاقوں تک پہنچ گئے۔

ایک تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ سندھ ضيا لنجار نے کہا کہ سندھ میں کوئی بھی مسلح جتھا داخل نہيں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے بلوچستان سے کچے کے علاقوں تک پہنچنے کی بات کی جا رہی ہے وہ ان علاقوں سے وہاں پہنچے ہيں جو ہمیشہ سندھ پنجاب کی حدود کے حوالے سے متنازع‏ رہے ہیں۔خیال رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا آپریشن تو جاری ہے لیکن اس آپریشن میں کچھ روز قبل بلوچستان کا ایک بگٹی قبیلہ بھی کود پڑا تھا۔4 ماہ قبل سکھر ملتان موٹروے پر کی گئی کارروائی کے دوران ڈاکوؤں نے بلوچستان کے بگٹی قبیلے کے سردارکے بیٹے عبدالرحمان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس کے بعد مقتول کا والد جلال خان بگٹی اپنے رضاکاروں کے ساتھ کچے میں پہنچ گیا تھا۔

بعد ازاں اعلیٰ حکام کی مداخلت کے بعد بگٹی قبیلے کے مقتول عبدالرحمان کے والد جلال خان بگٹی رضاکاروں سمیت واپس چلے گئے تھے۔اس حوالے سے ڈی پی او رحیم یارخان رضوان گوندل کا کہنا تھا کہ چند بگٹی قبیلے کے رضاکار آئے تھے جنہیں 2 دن بعد واپس بھیج دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں