گلگت(پی این آئی ) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مانسہرہ سے گلگت بلتستان تک موٹروے گیم چینجر ہو گی،سڑکوں کی بہتری سے علاقے کی تقدیر بدل سکتی ہے،گلگت بلتستان میں موٹروے پولیس تعینات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو وفاقی وزیرمواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان گلگت بلتستان پہنچے جہاں وزیراعلی جی بی گلبرخان نے استقبال کیا۔ ملاقات میں قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی خستہ حالی،ٹنلزکے نئے منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ قراقرم ہائی وے، جگلوٹ سکردو روڈ کی حالت مزید بہتربنانا ناگزیرہے، شاہراہ قراقرم پربڑھتے حادثات پرقابو پانے کیلئے موٹروے پولیس کی تعیناتی ضروری ہے۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ مواصلات کے مسائل حل ہوں گے، گلگت بلتستان کا سفیربن کر کام کروں گا، گلگت بلتستان ہمارا گھر ہے، مانسہرہ سے گلگت بلتستان تک موٹروے بنائیں گے، یہ گیم چینجر ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پرذاتی طور پر قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کا جائزہ لینے آیا ہوں، شاہرہ قراقرم اور جگلوٹ سکردو روڈ کے حوالے سے گلگت بلتستان کے لوگوں سے زیادہ فکرمند ہوں۔ وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ وزیراعلی گلبرخان بارہا شاہراہ قراقرم اور جگلوٹ سکردوروڈ کی خستہ حالی سے متعلق آگاہ کرتے رہے ہیں۔ سڑکوں کی بہتری سے یہاں کی تقدیر بدل سکتی ہے کروڑوں سیاح یہاں کا رخ کریں گے، گلگت بلتستان میں موٹروے پولیس تعینات، قراقرم ہائی وے سمیت جگلوٹ سکردو روڈمزید بہتربنائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں