کراچی(پی این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں مزدور کی تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کریں گی۔
کراچی میں یوم مئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، مزدوروں کے لیے سندھ حکومت جیسے اقدامات کسی صوبے نے نہیں کیے۔بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ مزدور کو صلہ ملنا چاہیے، مزدوروں کے خون پسینے کی وجہ سے معیشت چلتی ہے، اشرافیہ کی کمائی اور کاروبار مزدوروں کے خون پسینے سے چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر مزدور کارڈ کے تحت سندھ کے مزدوروں کو سہولیات دی جا رہی ہیں، شہید بھٹو کے دور میں مزدوروں کو یونین سازی کا حق ملا۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت اسٹیل مل نہیں چلانا چاہتی تو ہمارے ساتھ بیٹھے، سندھ حکومت اسٹیل ملز کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں