کراچی (پی این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،شہر کی ایسی ابتر صورتحال میں کسی کو کراچی کا نوحہ سُنائی نہیں دے رہا ہے،آج میٹروول کے علاقے میں دو شہریوں کو ہلاک کرکے سوا کروڑ روپے لُوٹ لئے گئے جو بہت بڑا ظلم ہے،کراچی کا کوئی علاقہ اور کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جہاں شہریوں کی جان و مال محفوظ ہو۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کے تین مہینوں میں ہی سٹریٹ کرائمز میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 60 ہونے والی ہے،متعصب سندھ حکومت اور نااہل سندھ پولیس نے چوروں ڈاکوؤں اور قاتلوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے،سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء لنجار بتائیں کس نے پولیس کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں؟ پولیس ایکشن کیوں نہیں لے رہی؟سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں، شہر کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے،ایم کیو ایم پاکستان سٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں