لاہور(پی این آئی) مریم نواز کی بطور وزیر اعلٰی پہلی بڑی ناکامی، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اب بھی موجود، ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود پنجاب کے شہروں میں صفائی کا نظام بہتر نہ ہو سکا۔ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز ایک ماہ میں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کا وعدہ پورا نہ کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے یکم مارچ کو حکم دیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر لاہور سمیت پنجاب بھر کے دیہاتی وشہری گلی محلوں کو صاف ستھرا بنایا جائے۔ مریم نواز نے ہدایت کی تھی کہ کوئی سڑک، محلہ، گلی، گاؤں گراؤنڈ ایسی نہ رہے جہاں صفائی نہ ہو، کہیں سیوریج یا ڈرینج کا مسئلہ نہ ہو۔ تاہم ایک ماہ کی ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز اپنی ہدایات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہیں۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان کے مناظر دکھائے گئے، جہاں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر آئے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آوٴٹ سورس کرنے کیلئے مجوزہ معاہدے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، آئرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں