جعلی ادویات کیخلاف کریک ڈاون، ایف آئی اے ان ایکشن

کوئٹہ(پی این آئی)جعلی ادویات کیخلاف کریک ڈاون، ایف آئی اے ان ایکشن۔۔۔وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چھاپے مار کر بھاری مقدار میں دوائیاں برآمد کر لیں۔جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف 4 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔حکام کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے ہزارگنجی کوئٹہ میں واقع اسٹور سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کی ہیں۔چھاپہ مار کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈریپ حکام کے ساتھ عمل میں لائی گئی۔

چھاپہ مار ٹیم نے 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لیں۔برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک، پین کلر اور جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے چمن نے پاور ہاوس روڈ پر واقع 3 مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔مذکورہ اسٹورز سے مشتبہ ادویات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف انکوائری درج کر لی گئی ہے، ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ایف آئی اے بلوچستان زون نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 33 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، چھاپہ مار کارروائیوں میں 21 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔چھاپوں کے نتیجے میں بھاری تعداد میں جعلی ادویات کو قبضے میں لیا گیا۔

ملزمان کے خلاف مزید کارروائی ڈریپ حکام کی رپورٹ پر عمل میں لائی جائے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں