وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے صوبے کی عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

پشاور ( پی این آئی) خیبرپختونخواہ میں پناہ گاہیں بحال کر دی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ کی منتخب صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد نگران حکومت کی جانب سے بند کر دیے جانے والے منصوبوں کو دوبارہ بحال کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور کی صوبائی حکومت نے صوبے میں پناہ گاہوں کو بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر صوبے کے 11 اضلاع میں قائم پناہ گاہوں کی بحالی کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کر دیے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوابی، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان، ضلع خیبر، پشاور، سوات، چارسدہ میں قائم پناہ گاہیں بحال کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی نے یکم رمضان سے صحت کارڈ بحال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، صحت کارڈ کیلئے انشورنس کمپنی کو فوری طور پر 5 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کارڈ کی مد میں انشورنس کمپنی کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے ماہانہ 5 ارب روپے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ خیبر پختونخواہ حکومت نے رمضان المبارک میں شہریوں کیلئے رمضان پیکج کا پلان بھی تیار کرلیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close