انا للہ وانا الیہ راجعون ۔۔ رہنما پیپلزپارٹی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

کراچی (پی این آئی) بلدیہ ناردرن بائی پاس خواستی گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول پیپلز پارٹی کا کارکن تھا۔

تفصیلات کے مطابق موچکو کے علاقے بلدیہ ناردرن بائی پاس خواستی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 44 سالہ شوکت زمان ولد صفدر زمان کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او موچکو انسپکٹر سید محمد عدنان نے بتایا کہ مقتول شوکت زمان کو اس کے گھر کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہوگئے، یہ بات عینی شاہد ایک بچے نے انہیں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ مقتول زمینوں کا کام کرتا تھا جبکہ گھر کے باہر اس کی کریانہ کی دکان بھی ہے، مقتول کو تقریباً 10 فٹ کے فاصلے سے گولی ماری گئی ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول پیپلز پارٹی کا کارکن تھا جس پر اس سے قبل بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، پولیس عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں کے بیان لینے کے بعد واقعے کی مزید تحقیقات کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close