عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، گورنر سندھ نے بڑا اعلان کردیا

کراچی (پی این آئی)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 75 سال کے ایسے افراد کو جنہوں نے کبھی عمرہ اور حج نہیں کیا انہیں اپنی ذاتی جیب سے حجاز مقدس بھیجنے کا اعلان کردیا تاکہ وہ ان مقامات مقدسہ پر حاضری دے سکیں، انہوں نے یہ اعلان سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ہسپتال آمد پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عتیق الرحمان قریشی نے گورنر سندھ کا استقبال کیا، گورنر سندھ نے مریضوں اور تیمارداروں سے ہسپتال میں موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ میں نے یہ عہد کرلیا ہے کہ اپنی ٹیم کے ساتھ میڈیا کو شامل کرکے سرکاری اسکولوں اور پارکوں کا بھی دورہ کروں گا، 95 ارب ہر سال صحت کے شعبے کو دیئے جاتے ہیں لیکن اس کے اثرات کہیں بھی نہیں ہیں، جناح، سول اور عباسی شہید ہسپتال کی ایمرجنسی کی طرح یہاں بھی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے دورے کا مقصد مریضوں کے مسائل سے ذاتی طور پر آگاہ ہونا ہے، سندھ میں بھی عام افراد کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ کسی اچھے اسپتال میں علاج کروا سکیں کیونکہ ملک بھر میں 2016 سے صحت سہولت کارڈ کے ذریعے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جس میں ابھی تک یہ سہولت مہیا نہیں کی گئی ، کیا وجہ ہے کہ سندھ کے لوگ اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں