ڈیزل کی چوری پکڑی گئی

کراچی(پی این آئی)ڈیزل کی چوری پکڑی گئی۔۔پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی میں پارکو کی نان ڈیوٹی پیڈ زیرِ زمین لائن سے ایک آئل مل میں سرنگ بنا کر ڈیزل چوری کا انوکھا کیس پکڑ لیا۔ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض چدھڑ کی ہدایت پر ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے آج صبح سویرے کارروائی کی۔کراچی سے وائٹ آئل پائپ لائن کے ذریعے نان ڈیوٹی ڈیزل چوری کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔خفیہ اطلاع پر کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے کراچی میں واقع مشتبہ صنعتی احاطے کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

حکام کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب خوردنی تیل نکالنے والی مل کی انتظامیہ چوری میں ملوث پائی گئی جہاں کسٹمز انٹیلی جنس نے آج صبح 3 بجے چھاپہ مار کارروائی کی۔ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کے مطابق آئل مل کے احاطے میں 174 فٹ لمبی خفیہ سرنگ پکڑی گئی جس کے ذریعے سفید پائپ لائن نکالی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ پائپ لائن سے نان ڈیوٹی پیڈ ڈیزل چوری کیا جا رہا تھا۔خفیہ کارروائی میں تقریباً 20 ملین روپے کا 65000 لیٹر ڈیزل برآمد کرتے ہوئے مل مالک کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کر کے معلوم کریں گے کہ یہ چوری کب سے جاری تھی۔حکام کی جانب سے خفیہ سرنگ کے ذریعے اربوں روپے کے تیل کی چوری کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close