اسلام آباد میں سائیکلنگ کو راوج دینے کے لیے اقدامات کا اعلان

اسلام آ باد (آئی این پی ) کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے )نے اسلام آباد میں سائیکلنگ لین متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ وفاقی ترقیاتی ادارے کے ممبر آئی ٹی نعمان خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارکنگ کے مسائل ختم کرنے کے لیے منصوبہ شروع کیا جارہا ہے، اسلام آباد سائیکلنگ لین والا پاکستان کا پہلا شہر ہو گا، پورے اسلام آباد میں سائیکلنگ لینز بنائی جائیں گی جو الگ ہوں گی۔ نعمان خالد نے بتایا کہ میٹرو ٹریک کے ساتھ ساتھ بھی سائیکلنگ ٹریک بنائے جائیں گے، سائیکلنگ لین خواتین ، بچے اور ضعیف العمر شہری استعمال کرسکیں گے،

پورے شہر کو سائیکلنگ لین سے جوڑیں گے ، الیکٹرک بائیکس بھی چلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 150 کلومیٹر کا ٹریک بنایا جائے گا، 80 فیصد ٹریک گرین ایریا پر ہوگا، سائیکلنگ لین سے تمام رابطہ سڑکوں کو مین شاہراوں سے جوڑیں گے، 72 سائیکلنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے ، 98 کلو میٹر کی لین ایک سائیڈ کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سائیکلنگ ٹریک کی تعمیر پر ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت آئے گی، پی سی ون پر کام مکمل ہوچکا ، بورڈ اجلاس میں منظوری دی جائے گی، 3 روٹ پر بسیں چلارہے ہیں ، نئے روٹس کیلئے 160 بسیں آرہی ہیں، سی ڈی اے کے نئے ونگ میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی ونگ شہریوں کی آسانی کے لیے نئے منصوبے لارہا ہے، سی ڈی اے بورڈ نے پارکنگ ریگولیشن کی منظوری دے دی گئی ہے، پارکنگ کے لئے شہر میں سمارٹ کارڈ متعارف کرائے جارہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close