لاہور (آئی این پی)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ون ڈش اور مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی پر شادی ہالوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ روز قانون کی خلاف ورزی پر مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 47 شادی ہالوں کو سربمہر کیا گیا اور 37 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ شادی ہالوں کی انتظامیہ کے خلاف 12 مقدمات درج کروائے گئے اور 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں قانون کی خلاف ورزی پر 22 شادی ہالوں کو سیل کیا گیا۔ 10 شادی ہالوں کی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی ار درج کروائی گئیں اور 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
4 میرج ہال کی انتظامیہ کو 2 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 95 شادی ہالز اور مارکیز کی انسپیکشن کی گئی۔ میرج فنکشنز ایکٹ کی پانچ مقامات پر خلاف ورزی پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ملتان ڈویژن میں 98 شادی ہالوں کی انسپیکشن کی گئی اور قانون کی خلاف ورزی کے 4 واقعات میں 4 لاکھ روپے جرمانے کئے گئے۔ فیصل آباد ڈویژن میں انسپکشنز کے دوران ون ڈش کی خلاف ورزی پر 6 شادی ہالوں کی انتظامیہ کو 6 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ بہاولپور ڈویژن میں قانون کی خلاف ورزی پر 21 شادی ہالوں کو سیل کیا گیا جبکہ 17 لاکھ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں کارروائی کے دوران 2 شادی ہالوں کو سیل کیا گیا جبکہ ایک شادی ہال کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ڈی جی خان ڈویژن میں 1358 شادی ہالوں کی انسپیکشن کی گئی اور 13 واقعات میں قانون کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ 15 ہزار روپے جرمانے کئے گئے۔ ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر 2 شادی ہالوں کو سربمہر کیا گیا اور 2 کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔ سرگودھا ڈویژن میں ون ڈش قانون کی خلاف ورزی پر 2 شادی ہالوں کی انتظامیہ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں