اغوا کاروں سے پولیس مقابلہ، 18 سالہ ریان، 15 سالہ رضوان بازیاب

کراچی(آئی این پی)شہر قائد کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے دو مغوی لڑکوں کو بازیاب کرا لیا، اور مقابلے میں 2 اغواکار گرفتار کر لیے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کا اغوا کاروں کے ساتھ مقابلہ ہوا ہے، مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو اغواکار گرفتار کر لیے گئے، کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرائے گئے۔ایس ایس پی اے وی سی سی ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں اور خفیہ اطلاع پر اسکانی روڈ، یار محمد گوٹھ نزد رئیس گوٹھ کراچی پر کارروائی کی،

جہاں اغوا کاروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو اغوا کار اسلحہ سمیت گرفتار ہوئے، جس میں سے ایک زخمی حالت میں ہے۔بازیاب ہونے والے مغویوں میں اٹھارہ سالہ ریان اور پندرہ سالہ رضوان شامل ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان میں ریاض احمد اور اعجاز احمد شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے 14 اکتوبر کو سکھن کے علاقے سے دو لڑکوں کو اغوا کیا تھا، لڑکوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کیا گیا تھا، اغوا کاروں نے رہائی کے عوض 60 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، اور تاوان نہ دینے کی صورت میں مغویوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، اور پہلے بھی اغوا کے مقدمے میں جیل جا چکے ہیں، نیز ملزمان بین الصوبائی اغواکار گروہ کے کارندے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close