راولپنڈی (آئی این پی)ضلعی انتظامیہ مری نے سیاحوں کے لیے موسمیاتی اور سفری احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی۔ ایڈوائزری میں سیاحوں کو موسمیاتی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سیاح مری اور دیگر شمالی علاقوں میں سفر پر جانے سے قبل موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں۔کھانے پینے کا ضروری سامان، ادیات اور پانی ساتھ رکھیں۔سیاح گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں اور سفر میں جانے سے پہلے گاڑی کو مکمل طور پر چیک کریں اور فیول ٹینک فل کروا لیں۔
برف باری سیزن کے دوران مری میں داخل ہونے والے سیاح حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کے طور پر پرانے ٹائر استعمال نہ کریں ٹائروں میں ہوا کم سے کم رکھیں اور برف باری کے دوران ٹائروں کے اوپر چین چڑھائیں تاکہ گاڑی سلپ ہونے سے بچ سکے۔ ایمرجنسی سے نپٹنے کے لیے گاڑی میں ضروری سامان رکھیں۔گاڑی سلپ ہونے کی صورت میں بریک کا استعمال کم سے کم کریں۔ دوران برف باری گاڑی ہمیشہ ہلکے گیئر میں چلائیں اور محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ٹریفک عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔سیاح گاڑی سنگل لائن میں چلائیں اور اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔ گاڑی سڑک پر روکنا اور فوٹوگرافی کرنا سخت منع ہے اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایکسپریس وے پر ہر قسم کی مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر کال کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکو 1122 پررابطہ کریں۔ضلعی انتظامیہ مری کی جانب سے مری میں سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے مختلف مقامات پر 13 سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں