راولپنڈی(آئی این پی)ملکہ کوہسار مری میں انتظامیہ نے بھوربن کے مقام پر غیر قانونی عمارت کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر انتظامیہ نے غیر قانونی عمارت جس کی نقشے کے مطابق منظوری لیے بغیر تعمیر شروع کر دی گئی تھی،مسمار کر دیا۔ اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ عمارت کے مالک کو نوٹس کے ذریعے مطلع کیا گیا تھا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں ہے، اس لیے تعمیر نہ کی جائے۔
انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر مری، سی او میونسپل کارپوریشن اور انسپکٹر بلڈنگ کے خبردار اور منع کرنے کے باوجود متعلقہ مالک نے غیر قانونی طور پر عمارت کی تعمیر شروع کر دی تھی۔ ڈی سی مری کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز نے موقع پر جا کر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کو مسمار کر دیا۔ آپریشن میں پولیس، میونسپل کارپوریشن مری اور ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر مری کا کہنا تھا کہ بغیر منظوری تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی سی مری کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی تعمیرات نہ صرف مسمار کی جائیں گی بلکہ متعلقہ مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں