چینی افغانستان سمگلنگ کی کوشش ناکام، 20ٹرک ضبط کے لیے گئے

کوئٹہ (انٹرنیوز)چینی کی بھاری تعداد میں افغانستان سمگلنگ ناکام بنا کر 20ٹرک قبضے میں لے لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے بلوچستان میں ایک ہی دن میں دو کارروائیوں کے دوران افغانستان سمگل کئے جانے والے چینی کے ہزاروں تھیلوں سے بھرے 20 ٹرک قبضے میں لے لئے۔چینی اورقبضے میں لی جانے والی گاڑیوں کی مارکیٹ قیمت 70کروڑ روپے کے قریب بنتی ہے۔کسٹم حکام کے مطابق ایک کارروائی بلوچستان اور خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع کسٹم فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نے سرانجام دی،

کسٹم یونٹ نے ڈی آئی خان کے علاقے دانا سر سے آنے والے 15ٹرکوں پر مشتمل کارواں کو روک کرچینی کے 8ہزار 260تھیلے تحویل میں لے لئے، یہ چینی بغیرپرمٹ اندرون صوبہ بلوچستان اور بعدازاں سرحدی علاقوں میں بھجوائی جارہی تھی، حکام نے بتایا کہ یہ ٹرک افغانستان لے جائے جارہے تھے۔انسپکٹر حارث بشر نے بتایا کہ کسٹمز نے کچھ دن قبل چینی کے تین ٹرک پکڑے تھے اطلاعات ملی تھیں کہ چینی سے بھرے 15 سے 20 مزید ٹرک کوئٹہ سے افغانستان سمگلنگ کے لئے جا رہے ہیںجس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑی گئی چینی کا کل وزن 411 ٹن ہے جس کی قیمت 70 کروڑ کے قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران کسٹم کو پولیس کی معاونت حاصل تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دوسری کارروائی میں بھی 5 ٹرک چینی قبضے میں لی گئی ہے جس کی مالیت بھی کروڑوں میں بنتی ہے۔کسٹمز ترجمان کے مطابق کوئٹہ کسٹمز نے جولائی اور اگست میں1637میٹرک ٹن چینی قبضے میں لی ہے جس کی قیمت بمعہ استعمال ہونے والی گاڑیوں کے اندازا ایک ارب روپے کے قریب بنتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close