جناح ہاؤس حملہ، علیمہ خان، عظمیٰ خان کو فوری شامل تفتیش کرنے کا حکم

لاہور (انٹرنیوز) عدالت نے علیمہ اور عظمی کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی لاہور میں ایڈمن جج عبہر گل نے سانحہ 9 مئی، جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمی خان کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔دونوں بہنیں عبوری ضمانت ختم ہونے پر عدالت کے سامنے حاضر ہوئیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ علیمہ خان اور عظمی خان شامل تفتیش ہوئیں ہیں؟، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی شامل تفتیش نہیں ہوئیں۔علیمہ خان نے بتایا کہ ہم ان سے شامل تفتیش کرنے کی گزارش کررہے ہیں،

عظمی خان نے کہا ہمارا حق ہے ہمیں عدالت کے سامنے بولنے دیا جائے،ہم کب سے شامل تفتیش کرنے کا کہہ رہے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں آپ نے ان کے پاس کب جانا ہے، جس پر عظمی خان نے جواب دیا کہ ہم 3ماہ سے چکر لگا رہے ہیں لیکن شامل تفتیش نہیں کیا جا رہا۔جج نے تفتیشی افسران کو علیمہ خان اور عظمی خان کو آج ہی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ میں نے کیس فائنل کرنا ہے، پولیس تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close