سانحہ ٹکر کی 93 ویں برسی، 28مئی 1930پختون تاریخ کا سیاہ باب ہے، اسفندیار ولی خان کا پیغام

پشاور( آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ سانحہ ٹکر کی 93 ویں برسی، اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان کا پیغام 28مئی 1930پختون تاریخ کا ایک سیاہ اور ناقابل فراموش باب ہے،93سال قبل آج کے دن انگریز سامراج نے ٹکر گائوں میں بے گناہ پختونوں کو نشانہ بنایا جس میں70 کے قریب نہتے اور بے گناہ پختون شہید جبکہ سو سے زائد بری طرح زخمی ہوئے۔ لوگوں کے گھربار ، فصلوں اور غلے کو آگ لگا دی گئی لیکن انکی ثابت قدمی میں فرق نہیں آیا۔

شہدا سانحہ ٹکرکی 93ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ ٹکر جیسے واقعات ہمیں استقامت اور جرات سے سچ اورحق کی لڑائی کا درس دیتے ہیں۔ یہ سانحہ ہمیں یہ درس بھی دیتا ہے کہ کسی صورت صبراور عدم تشدد کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے ۔آج کے دن سانحہ ٹکر سمیت قومی تحریک کے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی تحریک کے ان شہدا کی جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔باچا خان اور انکے ساتھیوں نے خود اذیتیں برداشت کیں لیکن قوم کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ آج کی بیشتر نوجوان نسل خدائی خدمتگاروں اور ان شہدا کی قربانیوں سے بے خبر ہیں۔بدقسمتی سے نصاب میں سامراج کے خلاف جدوجہد کرنے والوں ان شہدا کا ذکر تک نہیں۔ نصاب میں تاریخ کے نام پر جھوٹ پڑھانے کی روش کو ہر حال میں بدلنا ہوگا۔

اسفندیار ولی خان نے مزید کہا ہے کہ تہذیب یافتہ دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو اپنی اصل تاریخ سے آشنا ہوں۔عہد کرتے ہیں کہ اپنے اکابرین کے فلسفے اور نظریئے پر ہمیشہ کاربند رہیں گے۔حالات چاہیں جیسے بھی ہوں قوم کے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان اکابرین کی جدوجہد اورتعلیمات کو آنے والی نسلوں کو منتقل کرے اور انکو سچی تاریخ سے روشناس کرائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close