فیصل آباد (آئی این پی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب را وسردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں کی جائیں اور خطرناک کھیلوں سے عوام کی زندگیاں خطرات میں ڈالنے والے قانون شکنوں کے خلاف قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
راو سردار علی خان نے بالخصوص رات کے وقت پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ جس علاقہ میں پتنگ بازی یا ڈور پھرنے کا واقعہ پیش آیا وہاں متعلقہ سپروائزری افسر کو جواب دینا ہوگا۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہا کہ شہری اپنے علاقوں میں پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں تاکہ قانون شکنوں کے خلاف کاروائیوں کا عمل مزید تیزہوسکے۔ آئی جی پنجاب نے والدین اور سول سوسائٹی سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں غیر قانونی کاموں کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف تیز ترین کاروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں رواں برس صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف 10205 مقدمات درج کئے گئے اور 10775 افراد گرفتارکئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قانون شکنوں سے 794342 پتنگیں اور 21817 دھاتی ڈوریں اور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف 8932 مقدمات درج اور 9266 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف 1273 مقدمات درج جبکہ 1509 افراد کو گرفتار کیا گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے کاروائیوں بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور پولیس بھی پتنگ بازی اور ون ویلنگ کرنے والے قانون شکنوں کے خلاف سرگرم عمل ہے اور لاہور میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے مجموعی طور پر 3500 مقدمات درج کرتے ہوئے 3675 افرادکو گرفتار کیا گیا جبکہ 22950پتنگیں اور4281 چرخیاں برآمدکی گئیں ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے ہر ممکن کاروائیاں جاری ہیں اور صوبہ بھر میں دھاتی ڈورو پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال کے خلاف زیرو رٹالرینس کے تحت کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں