پسماندہ ترین صوبے میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی، نادہندگان کے مجموعی طورپر 31 ٹرانسفارمرز اْتار لئے گئے

کوئٹہ(آئی این پی) کیسکوکی نادہندگان کے خلاف کوئٹہ،خضدار،سبی اورلورالائی سرکل میں کارروائیاں جاری،بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے مجموعی طورپر 31 ٹرانسفارمرزاْتار لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے مختلف سرکلزمیں نادہندگان اور غیرقانونی برقی کنکشنز کے خلاف کارروائیاں جاری ہے۔ اس سلسلے میں کیسکوسینٹرل سرکل کوئٹہ کے سریاب سب ڈویژن کوئٹہ کی ٹیم نے میاں غنڈی کے علاقے میں بلوں کی عدم ادائیگی پر 5زرعی اور دیہاتوں کے ٹرانسفارمرزاُتاردئیے۔

اسی طرح کیسکولورالائی سرکل کے تحت بھی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران مسلم باغ میں زرعی نادہندگان کے 8ٹرانسفارمرزاُتاردئیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران مسلم باغ میں 5صنعتی کنکشنز بھی بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے نیز کان مہترزئی فیڈرسے مسلم باغ فیڈرپر لوڈشفٹ کرنے کیلئے 3اسپین (Spains) غیر قانونی طورپرنصب کئے گئے تھے جنہیں فوری طورپرہٹادیاگیا۔دریں اثناء کیسکوسبی سرکل کے جعفر آبادسب ڈویڑن کی ٹیم نے 11kvجعفر آباد فیڈر پر بجلی نادہندگان خلا ف کارروائی کی اس دوران جعفر آباد سب ڈویڑن کے متعلقہ علاقوں سے13 ٹرانسفارمز اْتار دیئے گئے۔اس کے علاوہ کیسکوخضدارسرکل میں دالبندین سب ڈویژن نے مختلف دیہاتوں میں بلوں کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے 5ٹرانسفارمرزاُتاردئیے۔ واضح رہے کہ کیسکوکی ٹیمیں صوبہ بھرمیں ماہ جون کی ریکوری کے سلسلے میں تمام نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ انکے ٹرانسفارمرز بھی اْتارے جا رہے ہیں۔ لہٰذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیئے اپنے موجودہ بل جمع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بقایا جات بھی جمع کرائیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں