گیس کی مکمل بندش سے شہری عاجز آگئے، کبھی گیس کبھی بجلی بند

راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی میں گیس کی مکمل بندش سے شہری عاجز آگئے ،کبھی گیس بند ،کبھی بجلی بند ،حکومتی ادارے کیاچاہتے ہیں ، راولپنڈی و چکلالہ کینٹ میں دوسرے روز بھی سوئی گیس کی مکمل بندش سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ،محکمہ سوئی گیس کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز جڑواں شہروں میں سوئی گیس کی یکساں ترسیل میں مکمل ناکام ہوگیا ،

سوئی گیس ریجنل آفس راولپنڈی کا عملہ شہریوں کو طفل تسلیاں دینے لگا ،محکمہ نے ایل این جی کنٹینر کی تاخیر سے آمد پر جڑواں شہروں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے کا موقف اپنا لیا ،جی ایم سوئی گیس کا کسی بھی معاملے کی تصدیق سے انکار ۔تفصیلات کے مطابق گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے شکار علاقوں میں ٹنچ بھاٹہ آبادی نمبر تین ، راحت کالونی ،ڈھوک سیداں ، فیصل کالونی ،ٹاہلی موہری ،ڈھوک جمعہ ،لالہ زار ،اڈیالہ روڈ ،اشرف کالونی و دیگر علاقے شامل ہیں ۔صارفین نے بتایاکہ جمعرات کو بھی راولپنڈی کینٹ کے علاقے خیابان میراں بخش ،ٹنچ بھاٹہ سمیت دیگر علاقوں میں زیرو گیس پریشر ہونے کی وجہ سے شہری کھانا پکانے سے بھی لاچار ہوگئے ۔اس صورتحال پر شہریوں نے جنرل مینجر ایس این جی پی ایل سید مختار شاہ سے رابطہ کیا جنھوں نے ایک بار پھر لاعلمی کا اظہار کیا اور متعلقہ سٹاف کو شکایات کنندگان سے رابطہ کی ہدایت کی ۔سوئی گیس کسٹمرسروس نے گیس کے کم پریشر کے شکار شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں آگاہ کیا کہ محکمہ کی طرف سے ابھی تک راشننگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے بیرون ملک سے ایل این جی کنٹینر کی تاخیر سے آمد پر جڑواں شہروں میں گیس کی فراہمی معطل ہوئی جس کے بارے میں محکمہ نے پہلے ہی شہریوں کو آگاہ کر رکھا ہے

۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی طرف سے کسی بھی قسم کا انتباہ جاری نہیں کیا گیا بلکہ محکمہ سوئی گیس شہریوں کو احتجاج پر اکسانے کے لیے ٹی بی ایس پوائنٹس سے پریشر کم کرنے میں دانستہ ملوث ہے تاکہ صارفین کی مشکلات بڑھیں اور شدید گرمی میں بھی گیس کی عدم فراہمی کو جوا زبنا کر حکومت کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوجائیں ۔صارفین نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے محکمہ سوئی گیس کی چیرہ دستیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے صارفین کو احتجاج پر اکسانے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔شہریوں نے کہاکہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے اور عمران خان سے پہلے عوام سڑکوں پر آجائے گی ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close