ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی سے مہاجروں کیلئے نیا صوبہ لینا تھا، وزارتوں اور گورنری کی خاطر اسی پیپلز پارٹی سے اتحاد کرلیا، کراچی کا بڑا لیڈر پھٹ پڑا

کراچی(آئی این پی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے جس متعصب اور ظالم پیپلزپارٹی سے مہاجروں کے لیے نیا صوبہ لینا تھا، آج اپنی وزارتوں اور گورنری کی خاطر اسی پیپلز پارٹی سے اتحاد کرلیا۔ جس آصف زرداری نے اسمبلی میں بانیان پاکستان کی اولادوں کو بھگوڑے کہا، آج اپنی وزارتوں اور گورنری کے لیے ایم کیو ایم اسی آصف زرداری کے ساتھ مل کر مہاجروں کی بے بسی پر قہقہے لگا رہی ہے ہیں، ایم کیو ایم نے اہلیان کراچی و حیدرآباد کو اپنی بازاری سیاست کی نظر کردیا ہے۔

لانڈھی اور کورنگی کے عوام اپنے مینڈیٹ کو بار بار بیچنے والوں کو پہچانیں اور ووٹ دینے سے پہلے نمائندوں کا کردار اور کارکردگی دیکھیں نہ کہ کسی لسانی نعرے پر ووٹ دیں۔ لانڈھی کورنگی والوں نے اپنے بدترین حالات بدلنے ہیں تو پاک سرزمین پارٹی کو موقع دینا ہوگا۔ بالخصوص مہاجر قوم کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں اس میں بد قسمتی سے اپنے منتخب نمائندے ہی شامل تھے۔ ایس پی کی جدوجہد سے شہداء قبرستان میں تالے لگ گئے، شہر میں امن و امان بحال ہوا ہے۔ لاپتہ لوگ بازیاب ہوئے، ہم اب شہر کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ہم ہی گامزن کریں گے۔ عوام کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ غفلت برتنے پر نسلوں کا نقصان ہوگا۔ پی ایس پی نے حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی قوم کے لیے وہ کچھ کیا جو ایم کیو ایم 40 سال حکومت میں رہتے ہوئے نہیں کرسکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 240 یوسی 23 میں انصاری برادری کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 240 سے پی ایس پی کے امیدوار شبیر احمد قائم خانی بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ 70 سال سے سیاسی جماعتیں ووٹ لیکر انتخابات جیت رہی ہیں لیکن انکی نااہلی، کرپشن، تعصب اور اقربا پروری کے باعث عوام اور ریاست ناکام ہورہی ہے، دنیا چاند پر جاری ہے جبکہ ہم پانی کو رو رہے ہیں، اگر پاکستان میں الیکشن لڑنے والوں کی بات 10 فیصد بھی سچ ہوتی تو ہماری گلیاں اس حال میں نہ ہوتیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسئلہ اختیار کا نہیں کردار کا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close