پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر مولانا فضل الرحمان کی جے یو آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد

اٹک(آئی این پی )سربراہ پی ڈی ایم و قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایک نااہل حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے میں جے یو آئی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا اپنے عہدیداروں کارکنوں اور ہمدردیاں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں ان شائاللہ اب جے یو آئی نے ملک بھر میں حرمت مسجد نبوی اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے مسجد نبوی کی بے ادبی ان کا پیچھا کرتی رہے گی لادین قوتوں کا مقابلہ ہر میدان میں کریں گے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع اٹک کے ایک نمائندہ وفد سے اپنے آبائی گاوں عبدالخیل اپنی رہائش گاہ پر ملاقات میں کیا اس وفد میں ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی مولانا سجاد حسین حیدری،راہنما تحصیل پنڈی گھیب مولانا عدنان معاویہ، ملک عدیل، ملک ذوالقرنین، اورحسین احمد اعوان شامل تھے انہوں نے کہا کہ حرمت مسجد نبوی کے حوالے سے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم شروع کررہے ہیں جس کے تحت جے یو آئی کے زیر اہتمام کراچی اور پشاور میں بڑے اجتماعات منعقد ہونگے 17 مئی بروز جمعرات کراچی میں مزار قائد پر تاریخی جلسہ ہوگا اور 21 مئی بروز ہفتہ پشاور میں بہت بڑا جلسہ ہوگا انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے انہوں نے سیاست میں بد تہذیبی اور بے ادبی کو فروغ دیا ہے یہ شعائر اسلام کی توہین کر رہے ہیں جے یو آئی مذہبی اقدار سمیت عوامی مفاد کے لئے ہر وقت میدان میں ہے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکن تیاریاں شروع کردیں،

نیازی کے جھوٹے بیانیے کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے اسے اس کے گھر تک پہنچا کر آئیں گے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہی وہ واحد مذہبی سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوریت کے ساتھ ساتھ آئین کی اسلامی دفعات اور شعائر اسلام کا تحفظ کرنا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا جے یو آئی کا پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا مشن جاری رہے گا ایک نااہل حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے میں جے یو آئی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا وفد میں شامل علمائے کرام اور دیگر نے مولانا فضل الرحمان کو اپنی جدوجہد کی کامیابی اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی مبارک باد بھی دی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close