صوبائی حکومت کو خط لکھ دیا گیا، پنجاب یونیورسٹی اور بلوچ طلباء کے مابین مذاکرات کامیاب ہو گئے

لاہور(آئی این پی)پنجاب یونیورسٹی سے مہمان طالبعلم بیبگر امداد کی گرفتاری کے معاملے پر پنجاب یونیورسٹی کے احتجاجی بلوچ طلباء سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بلوچ طلباء کے تحفظات پر مبنی خط حکومت پنجاب کو لکھ دیا ہے جبکہ احتجاج کرنے والے طلباء نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔بلوچ طلباء کاکہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ حکومت پنجاب تک ہمارے تحفظات پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان طالبعلم کی گرفتاری سے متعلق قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار مہمان طالبعلم کو فئیر ٹرائل کا موقع ملنا چاہئیے اور بیبگر امداد کے بارے میں بتایا جائے وہ کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیبگر امداد کی گرفتاری کے باعث یونیورسٹی کے بلوچ طلباء میں بے چینی ہے اور یونیورسٹی سے آئندہ کسی طالبعلم کی گرفتاری سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیبگر امداد کو 27 اپریل کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہاسٹل نمبر 7 سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے بلوچ طلباء سے مذاکرات کے بعد ان کے تحفظات حکومت پنجاب تک پہنچانے کے لئے اعلی حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close