پشاور (آئی این پی)صوبائی دارلحکومت پشاور چار روز کے دوران ضلعی انتظامیہ نے محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ پشاور کے خارجی راستوں اور اڈوں میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہوئے مقرر شدہ کرایہ سے زائد وصول کرنے پر بیشتر ڈرائیوروں کو جرمانہ کرتے ہوئے سواریوں کو زائد وصول شدہ کرایہ واپس کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر انتظامی افسران نے محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ کوہاٹ اڈہ، کوہاٹ روڈ، چارسدہ اڈہ، چارسدہ روڈ، کارخانو اڈہ، لاہور اڈہ، جنرل بس سٹینڈ اور دیگر خارجی راستوں پر ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 5500 سے زائد گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 714 ڈرائیوروں کو سواریوں سے زائد کرایہ لینے پر موقع پرجرمانہ کرتے ہوئے زائد وصول شدہ کرایہ واپس کر دیا گیا۔ اس موقع پر سواریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کا شکریہ ادا کیا۔انتظامی افسران نے پشاور بھر میں بیکری و سویٹس شاپس کا معائنہ کرتے ہوئے نمکمنڈی میں سلیمان سویٹس اور صدر میں پاک بیکرز کے کچن میں صفائی کی ناقص صورتحال پر منیجرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق پشاور کے تمام خارجی راستوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں میں ضلعی انتظامیہ ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو کہ مسلسل گاڑیوں کا معائنہ کریں گے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو کہ 24/7 فعال رہے گا اور عوام زائد کرایہ لینے والے ڈرائیوروں کے خلاف کنٹرول روم کے نمبر 0919211338 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ عوامی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں