بلاول بھٹو الیکشن کمیشن کی حمایت میں کھڑے ہو گئے

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں، سابق حکومت کے دبا ئوکا مقابلہ کیا، عمران خان کی سیاست “مجھے کیوں نہیں بچایا” تک محدود ہوگئی اور اب وہ اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹونے کہا کہ سابق حکومت کے دبا ئوکا مقابلہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی بہتری کے موقف پر ڈٹے رہنے پر چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں، متنازع سے آئینی کردار میں منتقلی پر ہم تمام اداروں کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں،

عمران خان کی سیاست اب “مجھے کیوں نہیں بچایا” کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے، عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے، عوام آگاہ ہیں کہ الیکشن کمیشن کے چیف کو نشانہ بنانے کی عمران خان کی واحد وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ادارے کو ٹائیگر فورس میں بدلنے سے انکار کردیا ہے، چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو ہم پرامید ہیں کہ مستقبل میں ایک مضبوط الیکشن کمیشن کو دیکھیں گے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا اعلان در اصل فارن فنڈنگ کیس کے فیصلوں کو جاری نہ کرنے کے حوالے سے بلیک میلنگ اور صریحا دبائو کا ایک حربہ ہے، عمران خان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سچ غالب آئے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close