رمضان المبارک میں تاجروں کا عوام کو خصوصی ریلیف دینے کا اعلان

پشاور(آئی این پی)صوبائی دارلحکومت پشاور میں رمضان المبارک میں تاجروں نے عوام کو خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق سمیت محکمہ خوراک، لائیو سٹاک، انڈسٹری اور دیگر محکموں کے افسران اور پشاور کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں رمضان المبارک میں عوام کو خصوصی ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیل سے بات چیت گئی جس کے بعد فیصلے کیے گئے کہ موجودہ مہنگائی، تیل اور یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے کے باوجود روزمرہ استعمال کی پانچ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ اٹھ اشیاء کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔رمضان میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ تاجروں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کی خصوصی درخواست پر کیا۔تاجروں نے رمضان المبارک میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی دس روپے فی کلو/ لیٹر کمی کا اعلان کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں اور پشاور میں مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور کی نگرانی میں سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر صبح منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخنامہ جاری کرے گا اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پشاور میں تمام دکانداراپنی دکانوں پر ڈیجیٹل سکیل رکھیں گے تاکہ گاہک کے سامنے اشیاء کا وزن کیا جا سکے۔انتظامی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پشاور بھر میں ملاوٹی دودھ اور ملاوٹی بیسن کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر دکاندار کو ایک ماہ کے لیے جیل بجھوایا جائے۔اس موقع پر تاجران نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو یقین دلایا کہ رمضان میں سرکاری نرخ نامے پر مکمل پابندی کریں گے اور وزن اور کوالٹی کے معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close