80 سے 90 کروڑ نہیں، بزدار نے مستحقین میں 7 کروڑ 81 لاکھ روپے تقسیم کیے، ترجمان نے وضاحت کر دی

لاہور(آئی این پی)ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صوابدیدی فنڈز کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی خبر من گھڑت اور حقائق سے یکسر منافی ہے۔ جمعہ کو ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کا تمام ریکارڈ محفوظ ہے اور خبر میں غلط اعداد و شمار دیے گئے ۔پنجاب حکومت بے بنیاد اور بے سروپا خبر شائع و نشر کرنے پر متعلقہ رپورٹر، اخبار اور چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کا مالی امداد سمیت کوئی اور ریکارڈ کسی جگہ منتقل نہیں کیا گیا اور تمام ریکارڈ وزیراعلیٰ آفس میں موجود ہے۔ نہ صرف موجودہ دور بلکہ سابق ادوار کا بھی ریکارڈ وزیراعلیٰ آفس میں محفوظ ہے۔ریکارڈ کو نامعلوم مقام پر منتقل یا ضائع کرنے کے حوالے سے خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈز کے تحت مستحقین کی مالی امداد کی جاتی ہے اور مستحق مریضوں کا علاج معالجہ بھی کرایا جاتا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈز کا تمام ریکارڈ محفوظ رکھا جاتا ہے اور وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈز باقاعدہ ایک پروسیجر کے تحت فراہم کئے جاتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور میں صوابدیدی فنڈز سے اب تک تقریباً 7 کروڑ 81 لاکھ روپے مستحقین کو دیئے گئے ہیں جبکہ رپورٹر نے خبر میں 80 سے 90 کروڑ روپے کے اجراء کے حوالے سے من گھڑت اعداد و شمار پیش کرکے صحافتی اصولوں کو پامال کیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں