عثمان بزدار نے اپوزیشن جماعتوں پر ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کا الزام عائد کر دیا

لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی مخالف عناصرپراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست۔ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کوعزت سے جینا سکھایا ہے اور پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا اور اراکین پنجاب اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقاتوں میں صوبائی وزراء اور اراکین پنجا ب اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پربھرپوراعتماد کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27مارچ کا جلسہ اپوزیشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن انتشار کی سیاست کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔شکست اپوزیشن کا مقدر ہے۔قوم کل بھی وزیراعظم عمران خان کے سا تھ تھی، آج بھی ہے اورکل بھی رہے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل دے گا۔اسلام آباد کا جلسہ پاکستان کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا بل تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔جنوبی پنجاب صوبے کا بل ہماری حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم ہے اور انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام اور مکمل خود مختاری کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے اور جنوبی پنجاب کے لئے ترقیاتی بجٹ کی رنگ فنسنگ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا۔ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جنوبی پنجاب پر سیاست چمکانے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے کی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔ سیاست نہیں عوام کی خدمت کا عزم لے کر نکلے ہیں۔جنوبی پنجاب میں ترقی وخوشحالی کا نیاد ور شروع ہوچکا ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد آصف نکئی، محمد اختر ملک،رائے تیمور بھٹی، تیمور لالی، وارث عزیز،ملک واصف مظہر راں، سلیم اختر اور دیگر شامل تھے۔ منتخب نمائندوں نے جنوبی پنجاب صوبے کے بل پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close