معروف سیاسی سماجی رہنما کی جے یو آئی میں شمولیت، سندھی اجرک اور جے یو آئی کے پرچم والا مفلر پہنایا گیا

کراچی (آئی این پی)معروف سیاسی وسماجی رہنمااور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی احسان ہزاروی ساتھیوں سمیت جے یو آئی میں شامل ہوگئے،شمولیتی تقریب جے یو آئی کے صوبائی دفتر الجمعیۃ سیکرٹریٹ بنوری ٹاؤ ن میں منعقد کی گئی جس میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان،صوبائی ناظم مالیات مولانا محمد غیاث اور ضلع شرقی کے جنرل سیکرٹری حافظ فاروق سید، سیکرٹری اطلاعات جمال خان کاکڑ،شیروبنگش،حافظ ابوبکر نعمانی سمیت صوبائی اور ضلعی قائدین شریک ہوئے،

تقریب میں قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث ودیگر نے احسان اللہ ہزاروی کو جمعیت علماء اسلام پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی اور ر سندھی اجرک وجے یو آئی کے پرچم والامفلر بھی پہنایا،احسان ہزاروی آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنمااور جوائنٹ سیکرٹری کراچی ڈویڑن رہے،حال ہی میں قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی صوبہ سندھ کے وائس چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہوئے،سابقہ پی ایس 115سے انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں اورسیاسی وسماجی حوالے سے متحرک وسرگرم کردار ادا کررہے ہیں،احسان ہزاروی نے دودن قبل کراچی کے دورے کے موقع پر مولانا فضل الرحمن اور علامہ راشدمحمودسومرو سے ملاقات کی اور جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا،

احسان ہزاروی نے شمولیتی تقریب سے خطاب میں کہا کہ جے یو آئی نے مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اس ملک میں جبر و استبداد کے سامنے ڈٹ جانے کی وہ مثال قائم کی جو پاکستان میں بحالی جمہوریت کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیگی، لانگ مارچ سیاسی یتیموں کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گا اور بہت جلد ملک میں عوام کے حق حکمرانی کا سورج طلوع ہو جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں