سڑکوں کو بلاک کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، صوبائی وزیراعلیٰ نے دبنگ مؤقف اختیار کر لیا

کوئٹہ (آئی این پی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس سے بلوچستان ورکرز اینڈ امپلائز گرینڈ الائنس(بیوگا) کے صدر و دیگر عہدیداروں سے جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں گرینڈ الائنس کے مطالبات کے حل کے لئے قائم کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات کو جلد کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد گرینڈ الائنس نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا

ملاقات میں صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، میر نصیب اللہ مری، پارلیمانی سیکرٹریز حاجی محمد خان طور اتمانخیل، مٹھا خان کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو ارشد مجید چیئرمین سی ایم آئی ٹی عبدالصبور کاکڑ سیکریٹری فنانس حافظ عبدالباسط، بلوچستان گرینڈ الائنس کے صدر حبیب الرحمن مردان زئی، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ سمیت گرینڈ الائنس کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے گرینڈ الائنس کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کو بلاک کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ تمام مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے،وہ اس بات کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں کہ گرینڈ الائنس کے مطالبات جائز ہیں لیکن ان کے مطالبات کے حل کے لیے ہمیں صوبے کی مالی پوزیشن کو بھی مدنظر رکھنا ہے اور ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر مسائل حل کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مطالبات کے حل کے لئے کمیٹی قائم کی جا چکی ہے اور وہ کمیٹی آپ کے جائز حقوق و مطالبات اور ملازمین کے مفاد میں کام کرے گی،

جب ہم نے حکومت تبدیل کی تو احتجاج اور دھرنے ہمیں ورثے میں ملے گلوبل ٹیچرز، سی اینڈ ڈبلیو کے ملازمین اور بی ڈی اے کے ملازمین کی تنخواہوں کے اجراء جیسے مسائل ہم نے فوری طور پر حل کیے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے کہا کہ آپ ہمارا پڑھا لکھا طبقہ ہیں اور ہمیں آپ سے امید ہے کہ آپ اپنے مطالبات کے حل کے لئے عوام کو تکلیف نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر اس احتجاج اور دھرنے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری بھی ہم پر عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ عوام کی تکالیف کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی آمد ورفت کے دوران روٹ لگانے اور ٹریفک روکنے کی سختی سے ممانعت کر رکھی ہے وزیر اعلی نے کہا کہ ملازمین کو انکے تمام جائز حقوق دیے جائیں گے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ کمیٹی کے اجلاس تواتر کے ساتھ منعقد کرتے ہوئے ملازمین کے مطالبات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ اس موقع پر گرینڈ الائنس کے صدر حبیب الرحمن مردان زئی اور دیگر سینئر عہدے داروں نے وزیراعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک عوامی وزیراعلی ہیں اور ہمارے مطالبات کے حوالے سے آپ کی خصوصی دلچسپی اور توجہ پر انتہائی مشکور ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close