پاکستان کی کل برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ 50 فیصد ٹیکسٹائل میں فیصل آباد کا حصہ 50 فیصد سے زائد ،گیس کی فراہمی 24 گھنٹے کر دیں تو برآمدات دگنی کر دیں گے، پیش کش کر دی گئی

فیصل آباد (آئی این پی)ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدرعاطف منیر شیخ نے کہا کہ پاکستان کی کل برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ 50فیصد اور اس میں فیصل آباد کا حصہ بھی 50فیصد سے زائد ہے جبکہ فیصل آباد ٹیکسٹائل کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہٰذا اگرٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس و بجلی کی ہفتہ کے ساتوں روز 24 گھنٹے بلا تعطل فراہمی سمیت ریٹس میں مناسب ریلیف دیا جائے تو برآمدات میں دوگنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پاکستان کے معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود برآمدی اہداف کی تکمیل نہ ہونے کی بڑی وجہ پیداواری لاگت میں اضافہ اور بین الاقوامی کسادبازاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی حالیہ کوششوں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تناظر میں توقع ہے کہ حالات میں بہت جلد بہتری آئیگی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپ اور امریکہ والے اپنی مصنوعات فروخت کرنے پاکستان آتے ہیں مگر جب انہیں یہاں سے خریداری کرنی ہوتی ہے تو پھر انہیں ٹریول ایڈوائزری یاد آجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کے خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے دنیا کے دوسرے ممالک سے ہمارے ٹوٹے ہوئے رابطے دوبارہ بحال ہو رہے ہیں تا ہم ہمیں دوسرے ملکوں سے اپنی کھوئی ہوئی منڈیاں دوبارہ حاصل کرنے میں مزیدکچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک سے ہماری ٹیکسٹائل کی ملکی صنعت کو کوئی خطرہ نہیں۔چینی سرمایہ کار پاکستان میں آٹو موبائل اور سیمنٹ کے بڑے کارخانے لگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار ان سے مل کر ایسے مشترکہ منصوبے لگائیں گے جن سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آبادکی جامع اور پائیدار ترقی کیلئے فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سٹیٹ بینک آف پاکستان انتہائی اہم سٹیک ہولڈرہیں اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ان دونوں اداروں کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close