منحرف رکن قومی اسمبلی کے گھر کے باہر ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

کراچی (آئی این پی)کراچی میں تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 4 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی شاہنواز جدون اور سعید اللہ آفریدی کے نام بھی شامل ہیں۔بعد ازاں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف کلفٹن تھانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔

اس حوالے سے میڈیا سیل پی ٹی آئی سندھ کا کہنا تھا کہ احتجاج کارکنوں کے اہلخانہ کی گرفتاریوں پر کیا جا رہا ہے، کارکنان کے اہلخانہ کو گرفتار کیا گیا اور ہراساں کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی میڈیا سیل کا دعویٰ ہے کہ احتجاج پر ایس ایس پی ساؤتھ کی جانب سے پی ٹی آئی ایم پی ایز اور کارکنان سے بدسلوکی گئی، سابق صدر ضلع جنوبی مراد شیخ کو گھر سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کا کہنا تھا کہ ہمارے چار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، میٹروویل اور دیگر علاقوں میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ نہ رکا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤکریں گے۔ایس پی کلفٹن روح?ل کھوسو اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تھانے کے باہر احتجاج ختم کر دیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں