وزیر اعظم عمران خان سے تحریک عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا گیا

پشاور(آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے وزیر اعظم عمران خان سے تحریک عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے اپنی رہائشگاہ بیت النصر میں جمعیت علمائے اسلام پی کے 75 کے بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی‘ ابرار حسین چیئرمین نیبر ہوڈ کونسل گلبرگ‘ نوتھیہ قدیم ٹو کے چیئرمین نور عثمان‘ یونین کونسل 34 نیبر ہوڈ نوتھیہ جدید ون جنرل کونسلر مفتی عرفان‘ سابق ٹاؤن ممبر فخر عالم نوتھیہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ارباب فاروق جان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مصنوعی اکثریت کھو چکے ہیں جس پر وزیر اعظم سمیت حکومتی وزراء‘ معاونین خصوصی اور مشیروں کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بیان بازی انہیں لے ڈوبی ہے وزیر اعظم کو الفاظ کے استعمال کا ایسا چناؤ کرنا چاہئے کہ جس سے کسی کی دل آزاری نہ ہو تاہم وزیر اعظم جیسے اہم منصب پر بیٹھنے کے بعد بھی عمران خان کو ایسا لگ رہا ہے کہ وہ کنٹینر پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخی میں پہلی بار ایسی حکومت دیکھی جو اپوزیشن کے خلاف دھرنے دینے میں مصروف ہے جبکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہانے والے حکمران ایوانوں سے باہر نکلیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں بارے آگاہی حاصل کریں تاکہ انہیں پتہ چل سکے کہ غریب عوام کس مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں