وزیر اعظم عمران خان کی ناکامیوں کی ذمہ داری شیخ رشید پر ڈال دی گئی

کراچی(آئی این پی)۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ شیخ رشید اور اس جیسے دیگر نااہل وفاقی وزراء نے عمران خان کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے اور اب عمران خان کے سامنے مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی اور دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید کے بیان پر اپنے ردعمل پر انہوں نے کہا کہ شیخ رشید بڑھکیں مارنے کے بجائے چوہدری مونس الٰہی کے تھپڑ کا پہلے جواب تو دیں۔ پھر کوئی اور بات کریں۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ شیخ رشید سیاست کا بہروپیہ ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ سمیت پارلیمنٹ کا اعتماد شیخ رشید جیسے گیدڑ بھبکیاں دینے والے نااہل لوگوں کی وجہ سے کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر وقت نہیں ملے گا عمران خان مستعفی ہوجائیں کیونکہ ان کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہو گیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی نااہل حکومت کے نااہل وزراء نے ملک کا دیوالیہ کردیا۔ معاشی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا ہے۔ بداخلاق نااہل وزراء کی مسلط کی گئی فوج گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد ان نااہل وفاقی حکمرانوں سے عوام کو چھٹکارا مل جائے گا۔ پی ٹی آئی حکومت اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد مکمل حواس باختہ ہوچکی ہے اور اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں