کلرک آ گئے میدان میں، ایپکا سندھ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا

جیکب آباد(آئی این پی) ایپکا سندھ کا ملازمین کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف 12مئی کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس صوبائی صدر احمد نواز پٹھان کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں مرکزی جنرل سیکریٹری اسد درانی، بشیر احمد کلہوڑو، پرویز بلوچ، عمران علی جکھرانی، شاکر علی صدیقی ودیگر نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ایپکا نے ملازمین کے 32مطالبات سے سندھ حکومت کو آگاہ کیا ہے

جن میں تنخواہوں اور میڈیکل الاؤنس میں اضافہ، اپگریڈیشن، ہاؤس رینٹ، گروپ انشورنس اور دیگر مطالبات شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ ایپکا کی جانب سے 22مارچ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا گیا تھاجس کو اب ملتوی کرکے 12مئی کو دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سندھ بھر سے بڑی تعداد میں ملازمین شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ ایپکا کے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے ملازمین میں پھیلی بے چینی دور کی جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close