پشاور(آئی این پی)تھانہ داودزئی پولیس نے لیڈی پولیو ورکر کے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا، جامع تفتیش کے دوران ملوث ملزمان کو بے نقاب کرتے ہوئے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،خاتون ملزمہ کے مطابق مقتولہ (ا) کا اس کے شوہر (پولیو ایریا انچارج) کے ساتھ دوستی تھی جس کا ملزمہ کو رنج تھا، ملزمہ نے اپنی دوسری بہن کے ذریعے اجرتی قاتلوں کے ہاتھوں مقتولہ کو قتل کرانے کا پلان بنایا جن کو پانچ لاکھ روپے ادائیگی کی گئی،
مقتولہ کی والدہ نے ابتدائی طور پر مقتولہ کے سابقہ منگیتر پر دعویداری کی تھی تاہم پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر استوار تفتیش کے دوران واردات میں ملوث اصل ملزمان تک رسائی حاصل کی، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے آلہ قتل سمیت واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے،تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے 2 تاریخ کو خاتون پولیو ورکر مسماۃ (ا) کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جس کی دعویداری مقتولہ کی والدہ نے مقتولہ کے سابقہ منگیتر سیف اللہ پر کی تھی، تاہم پولیس نے نامزد ملزم تک رسائی حاصل کرنے کے بعد دیگر زاویوں پر بھی تفتیش کا عمل جاری رکھا۔ایس ایچ او تھانہ داودزئی افتخار خان اور دیگر تفتیشی عملہ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے مقتولہ کے عزیز و اقارب سمیت اس کے کولیگز کو بھی شامل تفتیش کر کے ان کی کڑی نگرانی شروع کی جس کے دوران نامزد ملزم سیف اللہ بے گناہ ثابت ہوا جبکہ تفتیشی ٹیم کی انتھک محنت کی بدولت واردات میں ملوث اصل ملزمان تک رسائی حاصل کر لی گئی جس پر گزشتہ روز لیڈیز پولیس کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت تین ملزمان مسماۃ (ز)، جواد اور سمیع اللہ کو گرفتار کر لیا گیا،
خاتون ملزمہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے مقتولہ ہیلتھ ورکر کو شوہر کے ساتھ مبینہ دوستی کی وجہ سے قتل کرانے کا انکشاف کیا ہے، ملزمہ کے مطابق اس کے شوہر کا مقتولہ کے ساتھ دوستی تھی جس کا ملزمہ کو رنج تھا جس پر خاتون پولیو ورکر کو قتل کرانے کا پروگرام بنایا، ملزمہ نے قتل کروانے کی خاطر پانچ لاکھ روپے کے عوض اجرتی قاتل کو ہائیر کیا جس کو ملزمہ کی دوسری بہن نے ادائیگی کی حامی بھری تھی، پولیس کو جائے وقوعہ سے پستول اور خالی خول ملے تھے تاہم جامع تفتیش سے اصل ملزمان کو ٹریس کر تے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے آلہ قتل، موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں