مرغی اور بکرے کے گوشت کی قیمتیں مقرر کردی گئیں

کراچی(آئی این پی) شہر قائد میں مرغی اور بکرے کے گوشت کی قیمتیں مقرر کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت قیمتوں کے تعین کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد زندہ مرغی کی قیمت 235 روپے، اور مرغی کے گوشت کی قیمت 365 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر بکرے کے گوشت کی قیمت 1220 روپے فی کلو گرام مقرر کر دی گئی ہے۔اجلاس میں کمشنر کراچی نے مرغی اور بکرے کے گوشت کی مقرر قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا حکم جاری کیا ہے، محمد اقبال میمن نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز سختی سے یقینی بنائیں کہ دکاندار نئی قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، ہمیں شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ شہری 1299، کمشنر کراچی ویب سائٹ اور کمشنر کراچی فیس بک پیج پر اس سلسلے میں شکایات درج کر سکتے ہیں۔کمشنر کراچی کے مطابق اجلاس میں چکن فارمر کا ریٹ 220 روپے مقرر کیا گیا ہے، چکن ہول سیلر 228 روپے فی کلو گرام، اور چکن ریٹیلر کا ریٹ زندہ مرغی 235 روپے اور مرغی گوشت 365 روپے فی کلو گرام مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنرز اور بیورو آف پرائسز نے زندہ مرغی 221 روپے، مرغی گوشت 340 روپے اور بکرے کے گوشت کی 1128 روپے فی کلو گرام کی سفارش کی تھی، تاہم متعلقہ ایسوسی ایشن سے طویل مشاورت کے بعد کچھ فیکٹرز شامل کر کے قیمتیں مقرر کی گئیں۔کنزیومرز رائٹس رہنماؤں نے قیمتوں کے تعین کے سلسلے میں طریقے کار اور مشاورت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close