تالہ توڑ گروہ کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا گیا، چوری کی گئی اشیاء کا خریدار بھی پکڑا گیا

پشاور(آئی این پی) تھانہ شاہ پور پولیس نے نواحی علا قوں میں سرگرم تالہ توڑ گروپ کو بے نقاب کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار افراد شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں جو گھروں کے تالے توڑ کر قیمتی اشیاء لوٹنے میں ملوث ہیں، تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جنہوں نے مسروقہ اشیاء کا لین دین کرنے والے ریسیور کی بھی نشاندہی کی ہے،

ملزمان کے قبضہ سے مسروقہ لاکھوں روپے مالیت کے تین تولہ طلائی زیورات،موٹر سائیکل،نقدی، پانچ عدد مسروقہ موبائل فونز، اسلحہ، آرٹیفیشل جیولری اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی گئیں ہیں جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے،تفصیلات کے مطابق مدعیہ مسماۃ (م) زوجہ اسلام الدین نے تھانہ شاہ پور پولیس کو گھر سے تین تولہ طلائی زیورات، نقد رقم، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کی رپورٹ کی تھی جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ایس ایچ او تھانہ شاہ پور شکیل خان نے دوران تفتیش تالہ توڑ گروپ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز چار ملزمان مہران، سلمان، حماد اور اسامہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مسروقہ اشیاء کا لین دین کرنے والے ریسیور کی بھی نشاندہی کی ہے جن کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کے مسروقہ طلائی زیورات، نقد رقم، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرنے سمیت اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے،

ملزمان کی نشاندہی پر دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں