جعلی پولیس مقابلہ، تولیہ فیکٹری کا ملازم بے گناہ مارا گیا

کراچی(آئی این پی) شفیق کالونی لیاری ندی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں بے گناہ فیکٹری ملازم جاں بحق ہوا تھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شفیق کالونی میں گزشتہ روز دو پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا، بے گناہ شہری کی ہلاکت پر تھانہ گبول ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوانے والا اسماعیل تولیہ فیکٹری میں کام کرتا تھا اور کھانا کھانے کیلئے لنچ ٹائم میں گھر آیا تھا۔پولیس حکام نے غفلت برتنے پر دواہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقتول کے چچا کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے ڈاکو قرار دیکر معاملہ دبانے کی کوشش کی تو لواحقین نے احتجاج کیا۔پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد2پولیس اہلکار توصیف اور عبدالعلی کو حراست میں لے لیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور تصاویر اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئیں۔ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ اسماعیل فیکٹری سے نکل کر کھانا کھانے اپنے گھر جارہا تھا، توصیف اور عبدالعلی نامی اہلکاروں نے شہری کو گولی ماریں، زخمی اسماعیل اسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہوگیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں