”صلح ہو کہ جنگ ہو، عمران خان کے سنگ ہو، سب ہمیں پسند ہے، خون ہو کہ رنگ ہو“ فیاض الحسن چوہان کے جذباتی نعرے

راولپنڈی (آئی این پی) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ”صلح ہو کہ جنگ ہو، عمران خان کے سنگ ہو، سب ہمیں پسند ہے، خون ہو کہ رنگ ہو“27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم نے اس ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے کیلئے باہر نکلنا ہے۔منگل کو حلقہ پی پی 17 میں پی ٹی آئی کور کمیٹی اور عوامی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صلح ہو کہ جنگ ہو، عمران خان کے سنگ ہو۔ سب ہمیں پسند ہے، خون ہو کہ رنگ ہو۔

انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم نے اس ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے کیلئے باہر نکلنا ہے۔ وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ اب ایسی تبدیلی آئے گی جو دنیا پچھلے بیس دن سے دیکھ رہی ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عوام کا جوش اور ولولہ دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ اگلا الیکشن پاکستان تحریکِ انصاف ہی جیتے گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اصول کے نام پر وصول اور تہتر کے آئین کے تناظر میں کرپشن کے چوہتر طریقے نکالنے والے مولانا فضل الرحمان نے بھی 27 مارچ کو جلسے کا اعلان کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان لاہور سے جلسے کی قیادت کرتے ہوئے آئیں۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کسی فلاپ فلم کو آئٹم سانگ ڈال کر چلانے کی کوشش کی جائے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران خان کی 35 سیٹیں ن لیگ کے کھاتے میں ڈالی گئیں، لیکن 2023 کے انتخابات میں نہ صرف پی ٹی آئی کے سپورٹرز بلکہ ہر جرات مند اور زندہ دل پاکستانی عمران خان کی قیادت میں باہر نکلے گا اور ایک مرتبہ پھر عزت اور کامیابی و کامرانی وزیراعظم عمران خان کے حصے میں آئے گی۔

آئندہ انتخابات میں ہر پاکستانی کا نعرہ ہو گا ” جگ جگ جیوے پاکستان، آنکھ کا تارا پاکستان، راج دلارا پاکستان”۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میری ماں نے مجھے غداری کرنا نہیں سکھایا۔ میں عمران خان کا 15 سال سے ساتھی ہوں، جب ہر ڈسٹرکٹ میں گنتی کے عہدیداران اور ورکرز ہوتے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہم عمران خان کے ساتھ اسلیے کھڑے ہیں کہ بطور پاکستانی دنیا ہمیں پہچانے اور عزت دے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار نے ساڑھے تین سال میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں۔ مقصود چپڑاسی لانے والے کردار ساری عمر بھی لگے رہیں تو اتنا کام نہیں کر سکتے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close