ڈپٹی کمشنرز کو ان کے دائرہ اختیار کے علاقوں کیلئے جسٹس آف پیس مقرر کرنے کا فیصلہ

پشاور(آ ئی این پی)حکومت خیبرپختونخوا نے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 22 کے تحت ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ان کے دائرہ اختیار کے علاقوں کے لیے جسٹس آف پیس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ وقبائلی امور خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ضم اضلاع میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے پولیس نظام کو اپنانے میں عوام کو درپیش مسائل، خاص طور پر ایف آئی آر کے اندراج، دستاویزات کی تصدیق اور قانونی مقاصد کے لیے ذاتی شناخت کے حوالے سے کیا گیاہے۔

اس طرح کے بااختیار ڈپٹی کمشنرز قابل دست اندازی جرائم میں گرفتاریوں کے معاملات میں پولیس اور عدالتوں کی مدد بھی کریں گے۔ اسی طرح ضم اضلاع میں امن کی کسی بھی خلاف ورزی یا عوامی سکون میں خلل کی روک تھام کے لیے ڈی سی اب قانونی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔ محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے ضم اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ آگاہی سیشن منعقد کریں اور اس حوالے سے آگاہی پھیلانے اور اس امر کی تعمیل کے لیے پولیس فورس کے دربار بھی منعقد کرائے جائیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close