سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی بڑی کامیابی، بائیکاٹ کے باوجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے ووٹ ڈالا

کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں، بائیکاٹ کے باوجود پی ٹی آئی کے 4 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔نثار کھوڑو کو 99 ووٹ ملے، جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے، یہ نشست دہری شہریت پر فیصل واوڈا کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پی پی امیدوار سینیٹ نشست پر کامیاب ہوگیا، میں پی پی کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں، اور اپنی پارٹی اور لیڈر شپ کا شکرگزار ہوں، ہم سیاسی ورکر ہیں ہمیشہ جدوجہد کرتے ہیں۔سینیٹ کی نشست پر مجموعی طور 4 امیدواروں میں مقابلہ تھا، پی پی کی جانب سے نثار کھوڑو کو ٹکٹ جاری کیا گیا، گل محمد جکھرانی، اور مختار احمد دھامرا بطور آزاد امیدوار میدان میں تھے، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آغا ارسلان کو ٹکٹ جاری کیا گیاتھا لیکن پی ٹی آئی نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔تحریک انصاف نے اپنی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس سے بھی انتخاب میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close