لاہور(آئی این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ان مشیروں سے محتاط رہیں جو غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ارکان کو مخصوص چینلوں میں جانے سے روکنے پر تشویش ہے، اس سے حکمران جماعت اپنی پالیسیوں اور نقطہ نظر کی متوازن کوریج سے محروم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے،
ہم وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پارٹی قیادت سے اس فیصلے پر نظر ثانی کی دراخوست کرتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے چند اخبار اور میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات بند کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات پر پاپندی بظاہر پیکا آرڈیننس میں ترمیم کی مخالفت کے تناظر میں لگائی گئی ہے، سرکاری اشتہارات پبلک ٹرسٹ ہیں جن کو مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بات سمجھنے سے قاصر ہوں کہ میڈیا کے اداروں کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم نے مجھے میڈیا ہاؤسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈیننس کے حوالے سے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں