تھانے کا لاک اپ توڑ کر دو منشیات فروش فرار ہو گئے، ایس ایچ او کی واقعہ افسران بالا سے چھپانے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی

کراچی(آئی این پی) کلری تھانے کے لاک اپ میں موجود دو منشیات فروش تالا توڑ کر فرار ہوگئے، متعلقہ افسران نے بات چھپانے کی ناکام کوشش کی، دو اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے کلری تھانے سے دو منشیات فروش لاک اپ توڑ کر باآسانی فرار ہوگئے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او کلری ارشد کی غفلت سے ملزمان فرار ہوئے۔

دونوں ملزمان کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لیاری سے حراست میں لیا تھا، قانونی کارروائی کے لئے کلری پولیس کے حوالے کیا تھا۔ذرائع کے مطابق تھانہ کلری میں ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا تھا، متعلقہ ایس ایچ او بالا افسران سے رات بھر اس بات کو چھپاتے رہے۔ملزمان کی دوبارہ گرفتاری کی امید بالکل نہ رہی تب کہیں جاکر افسران کو خبر پہنچائی گئی، ملزمان کے فرار ہونے کے واقعے پر ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار کا مؤقف سامنے آگیا۔ایس ایس پی سٹی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان اشرف اور داؤد کو تفتیش کیلئے تھانے لایا گیا تھا لیکن دونوں منشیات فروشوں پر کوئی مقدمہ نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان کو فرار کرانے کے الزام میں دو اہلکاروں نزاکت اور بخت کو ڈیوٹی سے معطل اور فرائض سے غفلت برتنے پر دونوں کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی سٹی کے مطابق پولیس کی غفلت کی وجہ سے دونوں ملزمان فرار ہوئے ہیں، سنگین غفلت پر محکمہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close